معروف پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے پاکستانی فلموں کو ہالی ووڈ فلموں سے بہتر قرار دے دیا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اس پوڈ کاسٹ میں ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ آپ نے اب تک کونسی ایسی فلم یا ڈرامہ لکھا ہے جس پر آپ کی یہ خواہش کی ہو کہ اس پر ہالی ووڈ میں بھی فلم بننی چاہیے؟
ڈرامہ نگار نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ہالی ووڈ کے بارے میں سوچتا ہی نہیں ہوں، آپ لوگ بچوں والی باتیں کیوں کرتے ہیں؟
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم ہالی ووڈ والوں سے بڑے لوگ ہیں، ان کے پاس صرف وسائل ہم سے بڑے ہیں، تخلیقی صلاحیت کسی امریکا، انڈیا یا جاپان کی محتاج نہیں ہے، ہم لوگ یہاں نہ ہونے کے برابر وسائل میں اچھی فلمیں بناتے ہیں۔
خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ ہم قلیل وسائل کے ساتھ اچھی فلمیں بناتے ہیں تو اس کا مطلب صاف ہے کہ ہمارے پاس تخلیقی صلاحیت ہالی ووڈ والوں سے زیادہ ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر مجھے ہالی ووڈ کو ملنے والے وسائل کا ایک تہائی حصّہ بھی دے دیا جائے تو میں ہالی ووڈ فلموں سے 10 گنا بہتر فلم آرام سے بنا کر دے دوں گا۔