ایف آئی اے فیصل آباد نے کارروائی کے دوران لیبیا کشتی حادثے سے منسلک انسانی اسمگلر گرفتار کر کے 17 پاسپورٹ برآمد کر لیے ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے فیصل آباد کے عملے نے گزشتہ سال پیش آئے لیبیا کشتی حادثے کے کیس سے منسلک اہم ملزم کو گرفتار کر کے 17 پاکستانی پاسپورٹس برآمد کر لیے جو ملزم نے یورپ انسانی اسمگلنگ کے لیے جمع کر رکھے تھے۔
ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ملزم رانا اشفاق احمد کے قبضے سے 17 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں جو ملزم نے نوجوانوں کو یورپی ممالک اسمگل کرنے کے لیے ان سے لیے تھے۔
حکام کے مطابق رانا اشفاق احمد لیبیا کشتی حادثے میں ملوث تیسرے نمبر کا ملزم ہے۔
ملزم پر پاکستان سے زمینی راستے لیبیا، ایران، یونان اور یورپین ممالک انسانی اسمگلنگ کا الزام ہے۔
گرفتار ملزم نے نوجوانوں سے زمینی راستے سے یورپ بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے۔
اسلام آباد کے رہائشی ملزم رانا اشفاق احمد کو تفتیش کے لیے ایف آئی اے فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔