انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) یونیورسٹی سکھر کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات اشتیاق میمن کی گھر سے لاش ملنے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ہوش میں آنے والی اشتیاق میمن کی بہن فائزہ میمن نے پولیس کو بیان دے دیا ہے۔
فائزہ میمن نے کہا ہے کہ رات میں پہلے ہیٹر جلایا تھا، بعد میں کوئلے بھی جلائے تھے، رات میں کسی وقت گیس کمرے میں بھری اس کا اندازہ نہیں ہے۔
آئی بی اے سکھر کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات اشتیاق میمن کی بہن نے کہا کہ ہوش آیا تو اسپتال میں تھی، رات کھانے میں تکہ، گھر کے چاول اور آلو بھی کھائے تھے، ہم تینوں بھائی بہن ایک ہی کمرے میں سوئے تھے۔
اشتیاق میمن کی دو بہنیں کمرے میں بے ہوش ملی تھیں، دوسری آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔
واضح رہے کہ آئی بی اے یونیورسٹی سکھر کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات اشتیاق میمن کی گزشتہ روز گھر سے لاش ملی تھی، ان کی 2 بہنیں بھی گھر میں بےہوشی کی حالت میں ملی تھیں، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
اشتیاق میمن کے رشتے داروں نے فون اٹینڈ نہ ہونے پر انکے گھر کا دروازہ توڑا اور دیکھا تو اشتیاق میمن کی لاش ملی۔