بھارتی ٹیلی ویژن اداکارہ شویتا تیواڑی اپنی بیٹی پلک تیواڑی پر ہونے والی ٹرولنگ سے پریشان ہیں اور کہتی ہیں کہ ان ٹرولنگ سے تو لگتا ہے کہ جیسی میری بیٹی ہر تیسرے شخص کے ساتھ رومانوی ملاقاتیں کرتی ہے۔
پلک تیواڑی نے حال ہی میں سلمان خان کی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ انہیں اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہی صورتحال والدہ شویتا کےلیے پریشانی کا باعث ہے۔
حالیہ انٹرویو میں شویتا تیواڑی نے پلک تیواڑی اور سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کے درمیان رومانوی ملاقاتوں کی افواہوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، ’افواہیں مجھے اب زیادہ پریشان نہیں کرتیں۔ ان تمام سالوں میں، میں نے یہ سیکھا ہے کہ لوگوں کی یادداشت صرف چار گھنٹوں کی ہوتی ہے۔ وہ جلدی بھول جاتے ہیں، تو پھر میں کیوں پریشان ہوں؟‘
انہوں نے مزید کہا، ’افواہوں کے مطابق میری بیٹی ہر تیسرے لڑکے کے ساتھ ڈیٹ کر رہی ہے اور میں ہر سال شادی کر رہی ہوں۔ انٹرنیٹ کے مطابق تو میں پہلے ہی تین بار شادی کر چکی ہوں۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’یہ چیزیں مجھے اب متاثر نہیں کرتیں۔ پہلے کرتی تھیں، جب سوشل میڈیا نہیں تھا اور منفی خبریں زیادہ فروخت ہوتی تھیں لیکن اب یہ سب بےمعنی لگتا ہے۔‘
تاہم شویتا پلک پر سوشل میڈیا ٹرولنگ کے اثرات کے بارے میں فکر مند نظر آئیں اور کہا، ’یہ چیز کبھی کبھی مجھے ڈرا دیتی ہے۔ پلک چاہے جیسی بھی لگتی ہو، وہ بہت معصوم ہے اور کبھی کسی کو جواب نہیں دیتی۔ یہ ٹرولنگ کا دور بہت بھیانک ہوچکا ہے۔ وہ مضبوط ہے لیکن اگر ان سب سے وہ اپنا اعتماد کھودے تو کیا ہوگا؟ یہ سوچ مجھے ڈراتی ہے۔‘
پلک تیواڑی نے بالی ووڈ میں ڈیبیو سلمان خان کی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان سے کیا، لیکن یہ فلم باکس آفس پر کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی۔
پلک اب اپنی اگلی فلم دی ورجن ٹری میں نظر آئیں گی، جس میں ان کے ساتھ سنجے دت، مونی رائے اور سنی سنگھ بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 2025 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔