بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کی بیوہ ستاپا سکدر کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کی موت کو اب تک بھلا نہیں پائی ہیں، ان کی کوشش ہے کہ وہ اس دکھ سے نبرد آزما ہوسکیں، تاہم یہ بہت مشکل کام ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ستاپا سکدر نے عرفان خان کی موت کے بعد گزرنے والی زندگی کے بارے میں گفتگو کی۔ واضح رہے کہ عرفان خان کا 29 اپریل 2020 کو کینسر کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔
انھوں نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ چند برسوں سے لکھنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن اب تک ماضی میں جو لکھنے کا انداز تھا اسے اپنا نہیں پائی ہوں۔
57 سالہ ستاپا سکدر جو ماضی میں اداکارہ رہ چکی ہیں وہ اب پروڈیوسر اور مصنفہ ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ وہ ساڑھے چار برس گزرنے کے باوجود شوہر کی موت کے دکھ کو نہیں بھول پائی ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران انکا کہنا تھا کہ شوہر کی موت کے بعد اب زندگی ہر روز کی جدوجہد بن گئی ہے، انکی موت پر گفتگو کرنا مشکل لگتا ہے۔
ستاپا سکدر نے کہا کوشش کر رہی ہوں کہ ایک کتاب لکھوں۔ اسکے علاوہ کوشش ہے ایک فلم کےلیے اسکرپٹ بھی تحریر کروں۔
انھوں نے کہا کہ کتاب عرفان خان کے بارے میں ہوگی، تاہم فلم انکے بارے میں نہیں ہوگی۔ کتاب میں انکی اور ہماری زندگی کے خوشگوار دنوں کے واقعات شامل ہوں گے۔