آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے سال نو کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات پر عوام سے بھرپور معاونت کی اپیل کردی گئی۔
اپنے بیان میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی جانب سے صوبے بھر میں سالِ نو پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے سڑکوں، گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر گشت، پکٹنگ اور اسنیپ چیکنگ کی جائے گی۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس نفری پارکس، ساحل سمندر، مصروف شاہراہوں، شاپنگ سینٹرز و دیگر عوامی اور تفریحی مقامات پر بھی تعینات ہوگی۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ شہری نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، بغیر سائیلنسر موٹرسائیکل چلانے و قانون کی دیگر خلاف ورزیوں سے گریز کریں۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے اپیل کی کہ عوام پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے تعاون کریں۔ کسی بھی غیرقانونی و غیر اخلاقی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔ والدین و معزز شخصیات نوجوانوں کی رہنمائی کریں۔