آسٹریلیا سے میلبورن ٹیسٹ میں شکست کے بعد بھارتی لیجنڈری کرکٹر سنیل گواسکر ٹیم کے موجودہ اسٹار کھلاڑیوں ویرات کوہلی اور روہت شرما پر برس پڑے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے سینئر کھلاڑیوں روہت شرما اور ویرات کوہلی کو ٹیم کی ناکامی پر آڑے ہاتھوں لے لیا اور ٹاپ آرڈر کو آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
جب گواسکر سے ویرات کوہلی اور روہت شرما کے مستقبل سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا، "یہ سب سلیکٹرز پر منحصر ہے۔ جو توقعات تھیں، وہ پوری نہیں ہوئیں۔ ٹاپ آرڈر کو اہم کردار ادا کرنا ہوتا ہے۔ اگر ٹاپ آرڈر اپنا کردار ادا نہیں کر رہا تو دیگر کھلاڑیوں کو کیوں قصوروار ٹھہرایا جائے؟”
انکا کہنا تھا کہ "سینئرز نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہیں بس آج بیٹنگ کرنی تھی اور سڈنی میں لڑنے کا موقع بنانا تھا۔ مسئلہ یہ ہے کہ ٹاپ آرڈر نے کچھ خاص نہیں کیا اور یہی وجہ ہے کہ بھارت کو اس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔”
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے میلبورن ٹیسٹ میں بھارت کو 184 رنز سے شکست دے، جس کے بعد بھارت کی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امید ماند پڑنے لگی۔