سعودی عرب کو ریکوڈک کے 15فیصد شیئرز فروخت کرنے کے معاملے میں پیش رفت ہوئی ہے، وفاقی کابینہ نے 540 ملین ڈالر میں 15 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی توثیق کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو شیئرز بین الحکومتی ٹرانزیکشن ایکٹ کے تحت براہ راست فروخت ہوں گے، سعودی عرب پاکستان کو 2 قسطوں میں 540 ملین ڈالر کی ادائیگی کرے گا، پہلے مرحلے میں 10 فیصد شیئرز منتقل کرنے پر 330 ملین ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں 5 فیصد شیئرز کی منتقلی پر 210 ملین ڈالر ادا کیے جائیں گے، سعودی فنڈ برائے ترقی بلوچستان میں معدنیات کی ترقی کیلئے 150 ملین بھی دے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب چاغی میں بھی معدنیات کی تلاش کیلئے سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی ظاہر کر چکا ہے، وفاقی اور بلوچستان حکومت کے پاس ریکوڈک منصوبے میں 50 فیصد شیئرز کی ملکیت ہے۔