سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد عباس اس وقت شہ سرخیوں میں ہیں۔
سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں محمد عباس نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6/54 کی پرفارمینس پیش کی۔
سب تک نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں سید یحییٰ حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کرکٹر توصیف احمد نے کہا ہے کہ 2017ء کے دورۂ ویسٹ انڈیز میں سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 71 وکٹ کی پرفارمینس پیش کرنے کے بعد محمد عباس کو اسکواڈ میں منتخب کیا، تو کپتان مصباح الحق کوچ مکی آرتھر کو چیف سلیکڑ انضمام الحق کے پاس لے کر آئے، انہوں نے کہا کہ عباس کی رفتار کم ہے۔
توصیف احمد کا کہنا ہے کہ جس پر انضام الحق نے کہا کہ محمد عباس نے ڈومیسٹک میں شاندار پرفارمینس پیش کی ہے، آپ کو انہیں ویسٹ انڈیز لے جانا پڑے گا۔
پاکستان کے لیے 1980ء سے 1993ء تک 34 ٹیسٹ اور 70 ون ڈے کھیلنے والے توصیف احمد نے بتایا کہ اس مرحلے پر پوری سلیکشن کمیٹی جس میں وہ خود وجاہت اللّٰہ واسطی اور وسیم حیدر شامل تھے، انہوں نے چیف سلیکڑ انضمام لحق کے ساتھ مشاورت کر کے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ محمد عباس کو 2107ء کے دورۂ ویسٹ انڈیز پر جانا چاہیے۔