وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آخری 9 ماہ ہم نے بہت بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، ہم میکرواکنامک استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، ہم نے اس معاشی کامیابی کےلیے خون پسینہ بہایا۔
اڑان پاکستان پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں احسن اقبال، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پوری کابینہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمارا یہ سفر مستحکم معیشت سے مضبوط معیشت تک کا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم 2023 میں آئی ایم ایف سے معاہدے کی سر توڑ کوشش کر رہے تھے، نواز شریف اور اتحادیوں نے فیصلہ کیا ہم اپنی سیاست کو قومی مفاد پر قربان کر دیں گے، ہم نے فیصلہ کیا ریاست کو بچانے کےلیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو نہ ہونے کےلیے خطوط لکھے گئے تھے، یہ بات ریکارڈ کی ہے کہ خطوط میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف معاہدہ نہ کرے۔
تقریب میں اڑان پاکستان کے لوگو اور کتاب کی بھی تقریب رونمائی کی گئی، وزیراعظم کے ہمراہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احسن اقبال ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر اسٹیٹ بینک بھی موجود تھے۔