وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اُڑان پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان پروگرام دو اہم نکات کا احاطہ کرتا ہے۔ نجی شعبے کو ملک کو چلانا ہے، ہمیں بحیثیت قوم کھڑا ہونا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ کائبور اس وقت 12 فیصد کے قریب ہے، کائبور ریٹ نجی شعبے کےلیے بہت اہم ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ملک میں براہ راست سرمایہ کاری تیزی کے ساتھ آرہی ہے، ایس آئی ایف سی کی کاوشیں سرمایہ کاری کےلیے اہم ہیں۔ پاکستان نے 24سال بعد اکاونٹ سرپلس حاصل کیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اسٹاک ایکسچینج ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بڑی مارکیٹ بن گئی ہے۔ مارکیٹ اور کاروبار کو برابری کی بنیاد پر موقع فراہم کریں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ برآمدات کو استحکام دیں گے، مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ اب ہم مستحکم نمو کی طرف جارہے ہیں۔ افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد پر آگیا ہے۔ سال 2028 تک 6 فیصد سے زیادہ جی ڈی پی گروتھ حاصل کرلیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم اس وقت پلاننگ کی بات نہیں بلکہ عملدرآمد کی بات کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی جارہی ہے، ٹیکس پالیسی میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔ ٹیکس پالیسی کو ٹیکس اکٹھے کرنے سے الگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس پالیسی یونٹ کو حکومت اور نجی شعبے کی مدد سے چلائیں گے۔ ٹیکس کے معاملےمیں ہمیں لیکج کو روکنا ہے۔