وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کے خاتمے کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر پاکستان کی خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں، ہمیں معیشت میں استحکام لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان جیسا پروگرام پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام دے گا، ملکی معاشی ترقی مقصود ہے تو معیشت کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، تمام ترجیحات معیشت کے استحکام کی طرف لگانی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہمیں گروتھ سیکٹر میں ٹیک آف کرنا ہے اور آگے بڑھنا ہے، برامدآت میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے، کراچی پورٹ پر فیس لیس انٹر ایکشن شروع ہوچکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کراچی میں فیس لیس انٹر ایکشن کا ٹرائل رن شروع ہوچکا ہے، کاروباری حضرات کو ریلیف ملا ہے، تیل کی اسمگلنگ میں بھی کافی کمی ہوئی ہے، پانچ مہینوں میں ترسیلاتِ زر تقریباً 15 ارب ڈالر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کارکردگی یہی رہی تو ترسیلاتِ زر 35 ارب ڈالر ہو جائے گی جو ایک ریکارڈ ہوگا، دھرنوں نے معیشت کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جو ٹارگٹس آئی ایم ایف کے ساتھ فکس کیے ہیں ان میں اچھا خاصا فرق ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سپاہی اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کر رہے ہیں، انسانی اسمگلنگ کرنے والوں کو ہم نے نکیل ڈالی ہے۔