محکمہ موسمیات نے کراچی میں 4 جنوری سے سردی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جانے کی بھی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
چمن سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں بارش کے ساتھ ہی سردی بڑھ گئی، مغربی سسٹم کے زیر اثر لاہور سمیت پنجاب میں جمعرات سے بارش، آزاد کشمیر میں برف باری متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا، پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے ساتھ اسموگ کا صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ تھرپارکر سندھ میں شدید سردی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگئی ہیں جو 4 جنوری تک صوبے میں موجود رہیں گی۔
ان ہواؤں کے سبب 2 جنوری سے 4 جنوری کے دوران بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، چمن، پشین، زیارت، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، ژوب، بارکھان، لورالائی، موسیٰ خیل، قلات، پنجگور، تربت، دالبندین اور نوکنڈی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 18اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو الرٹ جاری کرتے ہوئے ہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو 2 سے 4 جنوری تک صوبے کے پہاڑی علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔