استری فرنچائز کے مداحوں کا انتظار آخرکار ختم ہو گیا۔ شردھا کپور اور راج کمار راؤ اپنی کامیاب ہارر-کامیڈی سیریز کے تیسرے حصے ’استری 3‘ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
فلم کے تخلیق کاروں نے استری 3 کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس نے شائقین کو بےحد پرجوش کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق استری سیریز کی تیسری فلم 13 اگست 2027 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس کے ساتھ ہی مدھو فلمز نے اپنی دیگر ہارر کامیڈی فلموں کی ریلیز کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
ان فلموں میں تھاما (دیوالی 2025)، شکتی شالینی (31 دسمبر 2025)، بھیڑیا 2 (14 اگست 2026)، چامونڈا (4 دسمبر 2026)، مہا منجیا (24 دسمبر 2027)، پہلا مہایُدھ (11 اگست 2028) اور دوسرا مہایُدھ (18 اکتوبر 2028) شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 2024 مدھو فلمز کےلیے ایک سنگ میل ثابت ہوا جہاں انہوں نے ’استری 2‘، ’منجیا‘ اور ’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘ جیسی سپرہٹ فلمیں دیں۔
فلم پروڈکشن ہاؤس کے بانی دنیش وجن نے کہا کہ ’مدھو میں ہمارا مشن ہمیشہ سے نیا تجربہ اور تفریح فراہم کرنا رہا ہے۔ ہم نے ایسے کردار تخلیق کیے ہیں جو ہندوستانی ثقافت اور ورثے سے جڑے ہوئے ہیں اور یہی تعلق ہمارے کہانیوں کو شائقین کےلیے مزید قابلِ فہم اور بامعنی بناتا ہے۔‘
خیال رہے کہ استری 2 کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا جس کا ثبوت باکس آفس پر اسکی مجموعی 874 کروڑ کی کمائی ہے۔