راولپنڈی(نمائندہ جنگ )سانحہ 9 مئی 2023 ء کے 19مجرمان کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا گیا ۔سانحہ 9مئی کی سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران، مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مجموعی طورپر67 مجرمان نے رحم کی پٹیشنز دائر کیں ۔48پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئے”کورٹس آف اپیل“ میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا۔19مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔ دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا ۔ مجرمان کوضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔دیگر تمام مجرمان کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں ۔سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔19مجرمان جن کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان میں محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان،سمیع اللہ ولد میرداد خان ، لئیق احمد ولد منظور احمد،امجد علی ولد منظور احمد،یاسر نواز ولد امیر نواز خان،سعید عالم ولد معاذاللہ خان، زاہد خان ولد محمد نبی،محمد سلیمان ولد سعید غنی جان،حمزہ شریف ولد محمد اعظم ، محمد سلمان ولد زاہد نثار،اشعر بٹ ولد محمد ارشد بٹ، محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل،سفیان ادریس ولد ادریس احمد،منیب احمد ولد نوید احمد بٹ،محمد احمد ولد محمد نذیر،محمد نواز ولد عبدالصمد،محمد علی ولد محمد بوٹا،محمد بلاول ولد منظور حسین اور محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم شامل ہیں۔اس سے قبل اپریل 2024 میں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔