کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ کلچر ،ٹورازم ، اینٹی کیوٹیز و آر کائیوز حکومت سندھ کے تر جمان نے شائع خبر جس میں گریڈ 16سے گریڈ 17میں کی جانیوالی پرو مو شنز کو رولز کے منافی قرار دیا، کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائر یکٹوریٹ جنرل آف پبلک لائبریریز سندھ میں لائبر یرین ( گریڈ 17 ) کی منظور شدہ آسامیوں کی تعداد 19ہے ، جس میں سے 11آسامیوں کی بھرتیاں رولز کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جاتی ہیں ،بقیہ 8آسامیاں رولز کے مطابق اسسٹنٹ لائبریرین (گریڈ 16 ) کی پرو موشنز کے لئے مختص ہیں ۔تر جمان کے مطابق 3اسسٹنٹ لائبریرینز (گریڈ 16) کی پروموشنز ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفا رش اور محکمہ سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن کی مشاورت کے ذریعے کی گئیں جوکہ قوانین کے مطابق ہیں اور پروموشن کا عمل رولز کے مطابق کیا گیا ۔دوسری جانب رپورٹر اپنی خبر پر قائم ہےاور اس نے اپنی خبر میں لائبریرین کی تعیناتی کے قانون کا ذکر کیا تھا جس کے تحت 70فیصد بھرتیاں سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعےاور30فیصد اسسٹنٹ لائبریرین کو ترقی دے کر کی جاتی ہیں لیکن اسسٹنٹ لائبریرین گریڈ 16سے لائبریرین گریڈ 17 میں ترقی حاصل کرنے کے لئے کم از کم 5سال کی سروس ناگزیر ہےاور کوئی بھی محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی ان قوانین کو بائی پاس کرکے ترقی نہیں دے سکتی ۔خبر میں جن دو اسسٹنٹ لائبریرین کی ترقی کا ذکر ہے ان کی مذکورہ عہدے پر سروس کی مدت صرف ڈھائی سال اور قوانین کے برخلاف انہیں پانچ سال کی سروس سے قبل ہی ترقی دے دی گئی، خبر کی اشاعت کے بعد محکمہ کلچر ٹورازم اینٹی کیوٹیز و آرکائیوز نے محکمہ اطلاعات کو خبر کی وضاحت جاری کرنے کیلئے جو لیٹر لکھا اس میں ترقی کے قوانین کا ذکر کرتے ہوئے ’ترقی پانے کی مدت ‘کوحذف کر دیا ۔