اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر قانون سازی اور موجودہ قوانین کے مناسب نفاذ کی ضرورت پر زور دیا ہے،کمیٹی نے تعلیمی اداروں میں بچوں سے زیادتی کے رجحان پر اظہار تشویش کیا ،کمیٹئ نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے موثر قانون سازی اور موجودہ قوانین کےنفاذ کی ضرورت پر زور دیا،، کمیٹی کا اجلاس صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت ہوا، کمیٹی نے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں کے بھیک مانگنے ، بچوں سے زیادتی اور منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ انسانی اور بچوں کے حقوق پر قومی کمیشن موثر اقدامات کر کے ان سماجی برائیوں کو روکیں، وزارت انسانی حقوق قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کو مضبوط بنانے کیلئے تجاویز پیش کرے تاکہ بچوں کے تحفظ کو حقیقی معنوں میں یقینی بنایا جا سکے، کمیٹی نے ہدایت کی کہ نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے روکنے کے لئے وزارت انسانی حقوق منشیات ، بچوں سے زیادتی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے وزارت تعلیم کیساتھ رابطہ قائم کرے، کمیٹی نے انسانی حقوق کے دیگر محکموں کی بریفنگ کوآئندہ اجلاس تک موخر کر دیا،قبل ازیں قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے سیکرٹری اور چیئرپرسن نے کمیٹی کو کمیشن کی سرگرمیوں اور دائرہ کار کے بارے میں بریفنگ دی جسے کمیٹی نے سراہا۔