ازبکستان میں گرل فرینڈ کو متاثر کرنے کیلئے پنجرے میں جانے والا شخص شیروں کی خوراک بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ازبکستان کے شہر پرقند میں ایک نجی چڑیا گھر کے رکھوالے کی شیروں کے ہاتھوں موت کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر میں رات کی ڈیوٹی کرنے والا 44 سالہ ایف اریسکولوف اپنی گرل فرینڈ کو متاثر کرنے کیلئے ویڈیو بنانے کی غرض سے پنجرے میں داخل ہوگیا، جو اس کیلئے جان لیوا ثابت ہوگیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص پنجرے کا تالا کھول کر شیروں کے قریب جاتا ہے، ابتدا میں شیر اس پر حملہ کرنے سے ہچکچاتے نظر آئے تاہم چند لمحوں کے بعد ان میں سے ایک شیر نے اس پر حملہ کردیا۔
متاثرہ شخص نے شیروں کے پنجرے میں داخل ہوکر ان کے سامنے خود اعتمادی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیمرے کی جانب اپنا رخ بھی کیا تھا تاکہ وہ اپنے آپ کو کیمرے میں دکھا سکے، اس دوران ہی ایک شیر نے اس پر خوفناک انداز میں حملہ کردیا اور باقی شیر بھی اس پر جھپٹ پڑے، اور اس کے چہرے کو لہولہان کرتے ہوئے جسم کا کچھ حصہ بھی کھالیا۔
بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے ایک شیر کو گولی مار کر ہلاک کردیا اور باقی دو شیروں کو بے ہوش کرکے دوسرے پنجرے میں منتقل کردیا۔