لوئر کرم کے علاقے بگن میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود زخمی ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 3 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
لوئر کرم کے علاقے بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ ہو رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قافلے کو ہنگو کی تحصیل ٹل سے نکلنا ہے، قافلہ ابھی نہیں نکلا، مشاورت اور صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد نکلے گا۔
آر پی او کوہاٹ نے ’ سب تک نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کرم زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ فریقین نے نہیں کی، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے: بیرسٹر سیف
اس حوالے سے مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
کرم میں فائرنگ واقعہ قابل مذمت ہے: گورنر کے پی
دوسری جانب گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرم میں فائرنگ واقعہ قابل مذمت ہے، فائرنگ کا واقعہ صوبائی حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔