وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے بگن میں فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔
علی امین گنڈاپور نے فائرنگ میں ڈی سی اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم امن معاہدے کے بعد اس طرح کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کرم میں امن کے لیے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ اور مذموم لیکن ناکام کوشش ہے، فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ واقعہ ان عناصر کی کارستانی ہے جو کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، کے پی حکومت کرم میں امن کی بحالی اور مشکلات کو حل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فریقین کے درمیان معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرم کے لوگ امن چاہتے ہیں، کچھ شرپسند عناصر کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے، ان عناصر کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت اور علاقے کے لوگ مل کر شرپسند عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے، کرم کے لوگ ان عناصر کی نشاندہی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا کہ واقعے سے کرم میں امن کی بحالی کے لیے حکومت اور عمائدین کی کوششیں متاثر نہیں ہوں گی، کے پی حکومت عمائدین کے تعاون سے مکمل امن کی بحالی تک کوششیں جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود زخمی ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 3 راہ گیر، ایک ایف سی اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔