مشیرِ اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ بگن فائرنگ واقعے کے بعد پہلا قافلہ فی الحال روک دیا ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بگن میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چھپری کے مقام پر پولیس اور حکومتی اعلیٰ حکام موجود ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ فائرنگ شر پسندوں کی جانب سے کی گئی ہے، کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرم قافلے کو رخصت کرنے کے لیے موجود تھا کہ یہ ناخوش گوار واقعہ پیش آ گیا، زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کے پاس موجود ہوں۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں، حالات قابو میں ہیں، سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے امن معاہدے کے دشمن ہیں، آج علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، صوبائی حکومت ہر حال میں علاقے میں امن کو بحال کرے گی۔
واضح رہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود زخمی ہو گئے ہیں۔