لوئر کرم کے علاقے بگن میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود کو پشاور پہنچا دیا گیا۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا گیا۔
بگن میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود پر فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قافلہ روانہ ہونے سے پہلے لوئر کرم میں ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کی گئی، صبح 10 بج کر 35 منٹ پر قافلہ روانہ ہونے سے قبل مذاکراتی ٹیم سڑک کھلوانے کےلیے مذاکرات کر رہی تھی، تقریباً 40 سے 50 مسلح شرپسندوں نے ڈپٹی کمشنر جاوید محسود اور سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر، پولیس کے 3 اور ایف سی کے 2 اہلکار زخمی ہوئے، امن کمیٹیوں کی گارنٹی کے باوجود فائرنگ کا ہونا تشویش ناک ہے۔