دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے 19ویں یومِ اقتدار کو اپنی اہلیہ شیخا ہند بنت مکتوم کے نام کرکے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
شیخ محمد نے اپنی اہلیہ کو اپنی زندگی کی سب سے خوبصورت چیز قرار دیتے ہوئے انہیں ’دبئی کی روح‘ اور ’سب سے بڑی حامی‘ کہا۔
خیال رہے کہ 4 جنوری 2006 کو شیخ محمد نے دبئی کے حکمران کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ تاہم اس سال انہوں نے یہ دن اپنی ذات کے بجائے اپنی اہلیہ شیخا ہند بنت مکتوم کے نام کردیا۔
انہوں نے اہلیہ کو اپنی ’زندگی کی ساتھی‘، ’شیخوں کی ماں‘ اور اپنے خاندان کا ستون قرار دیا۔
شیخ محمد نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے شیخا ہند کےلیے اپنی محبت اور تعریف کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، ’وہ میرے گھر کا ستون، میرے خاندان کی بنیاد اور میرے کیریئر میں سب سے بڑی حامی ہیں۔ میری دعا ہے کہ خدا آپ کو سلامت رکھے اور خوش رکھے۔ آپ زندگی کا آغاز اور اسکی سب سے خوبصورت چیز ہیں۔ آپ دبئی کی روح، اس کی دھڑکن اور اس کی خوشی ہیں۔‘
اپنی شاعری کیلئے مشہور شیخ محمد نے شیخا ہند کےلیے ایک جذباتی عربی نظم بھی پیش کی جس میں انہوں نے کچھ اس طرح بیان کیا، ’میرے لیے آپ جیسا کوئی نہیں، کوئی بھی حالات ہوں، آپ ہمیشہ میرے لیے سب سے قیمتی انسان رہیں گی۔ آپ میرا پہلا خواب ہیں اور آپکے نام کے حروف میرے دل میں ایک خاص راز رکھتے ہیں۔‘
شیخ محمد نے آخر میں لوگوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی شریک حیات سے وفادار رہیں اور ان کی قدر کریں جو اس کے مستحق ہیں۔