دنیا کی سب سے معمر ترین جاپانی خاتون ٹومیکو ایٹوکا 116 سال کی عمر میں چل بسیں۔
جاپانی میڈیا کے مطابق ٹومیکو ایٹوکا کی موت 29 دسمبر کو ایک نرسنگ ہوم میں ہوئی، جہاں وہ رہتی تھیں۔
جاپان کی وزارت صحت نے ہفتہ کے روز ان کی موت کی تصدیق کی، وہ گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں برطانیہ کے گنیز بُک آف ورلڈ میں ان کا نام دنیا کی معمر ترین خاتون کے طور پر درج کیا گیا تھا۔
ٹومیکو ایٹوکا کی پیدائش 23 مئی 1908 کو اوساکا میں ہوئی تھی۔ وہ 3 بھائی بہنوں میں سب سے بڑی تھیں۔
خیال رہے کہ جاپان کے صوبہ اوساکا کے شہر کاشیوارا میں دسمبر 2023 میں 116 سالہ فوسا تاتسومی کی موت کے بعد ایٹوکا جاپان میں سب سے معمر ترین خاتون بن گئی تھیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ جاپان میں خواتین عام طور پر طویل عرصہ تک زندہ رہتی ہیں، جاپان کو ملک میں بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جاپان میں 100 یا اس سے زیادہ عمر والے لوگوں کی تعداد 95,000 سے زیادہ ہے۔ جن میں سے 88 فیصد صرف خواتین ہیں۔
ملک کے 124 ملین افراد میں سے تقریباً ایک تہائی آبادی کی عمر 65 یا اس سے زیادہ ہے۔