پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عماد عرفانی کے بارے میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
عماد عرفانی نے حال ہی میں پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔
اس شو کے میزبان و سماجی کارکن میاں صلاح الدین یوسف اور اداکارہ سونیا حسین نے بہت خوبصورت انداز میں عماد عرفانی کا تعارف کروایا۔
عماد عرفانی نے انتہائی گرم جوشی سے استقبال کرنے پر میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو شاید یہ بات نہیں معلوم کہ میں اور یوسف انکل رشتے دار بھی ہیں۔
یہ بات سن کر میاں صلاح الدین یوسف نے کہا کہ ہماری رشتے داری کے بارے میں لوگوں کو میں بتاؤں گا۔
اُنہوں نے بتایا کہ عماد عرفانی کی پڑدادی علامہ اقبال کی بہن تھیں۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ میاں صلاح الدین یوسف شاعر مشرق علامہ اقبال کے پوتے ہیں۔
میاں صلاح الدین یوسف کی بات مکمل ہونے پر عماد عرفانی نے کہا کہ یوسف انکل سے جب بھی ملاقات ہوتی ہے تو مجھے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
اُنہوں نے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ پروگرام سوشل میڈیا پر دیکھا تھا اور آج پہلی بار خود شرکت کی تو پتہ چلا کہ یہ واقعی بہت شاندار ہے۔
سوشل میڈیا پر اس پروگرام کا یہ ویڈیو کلپ وائرل ہوگیا ہے اور صارفین کی جانب سے اداکار کے علامہ اقبال کے ساتھ رشتے پر حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔