اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف کو ایک بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ انکی ہدایت کے مطابق ملک میں چھوٹی صنعتوں کی ترقی کے لئے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کےعمل کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، ایس ایم ایز کی ترقی کے حوالے سے وفاق اور تمام صوبوں کو مل کر کام کریں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سمیڈا بورڈ کی تشکیل ،بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کا باقاعدگی سے انعقاد اور اسٹیئرنگ کمیٹی میں گلگت بلتستان اور کشمیر کے چیف سیکرٹریز شامل کردیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ رو ز وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ اور اسمال اینڈ میڈیم اینٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو سمیڈا کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ملک میں ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنےکے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے،سمیڈا کے بورڈ کی تشکیل ہو چکی ہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے۔