انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کی جانب سے اسکروٹنی کی فیس میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ کراچی نے ’ سب تک نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا ہے کہ اسکروٹنی کی فیس میں 50 فیصد کمی کر دی ہے، اسٹوڈنٹس کے تحفظات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ پچھلے سال 1432 اسکروٹنی فارم آئے تھے، سارے معاملے کو سیاست زدہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے پروفیسرز کا معیار مختلف ہے، اسکول میں بچے ڈسلپن ہوتے ہیں، کالج جا کر بچے بے راہ روی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم انٹرنیشنل رابطہ کمیٹی نے کراچی انٹربورڈ کے نتائج فی الفورکالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی انٹربورڈ کے متعصبانہ نتائج کراچی کے طلبہ کا تعلیمی قتل عام ہے۔
کراچی کے طلبہ کے ساتھ کھلی ناانصافی کا یہ عمل پیپلز پارٹی کی پرانی نسل پرستانہ اور کراچی دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے۔
ایم کیو ایم انٹرنیشنل رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی کے طلبہ کے ساتھ کھلی ناانصافی اوران کے تعلیمی قتلِ عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔