کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے گٹر میں گر کر ننھا عباد جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، والدین کی آنکھوں کا تارہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پہلوان گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
شاہ فیصل کالونی نمبر دو میں گزشتہ روز مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے 8 سالہ عباد کی موت کی ذمہ داری کس پر ڈالی جائے گی، یا یہ کیس بھی ہمیشہ کی طرح داخل دفتر ہوجائے گا۔
عباد کے والد دبئی میں نوکری کرتے ہیں جو صبح 5 بجے کراچی پہنچے، گزشتہ روز عباد اپنی والدہ کے ساتھ رشتہ داروں کے ہاں عقیقے کی دعوت میں گیا تھا جہاں کھیلنے کے دوران وہ گٹر میں گر گیا، بچے کی لاش دو گھنٹوں کے بعد نالے سے ملی۔
نماز جنازہ میں رشتہ داروں، اہل محلہ سمیت سیاسی شخصیات نے بھی بھاری دل اور نم آنکھوں کے ساتھ شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ دار میئر کراچی ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ فوری استعفیٰ دیں۔