جنوبی بھارتی اداکاروں رام چرن اور پون کلیان کی فلم گیم چینجر کے ایونٹ میں شریک ہونے والے دو مداح ہلاک ہوگئے، فلم پروڈیوسر نے اہل خانہ کیلئے 10 لاکھ روپے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں فلم کےلیے آنے والے مداح کی موت کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل الو ارجن کی فلم پشپا 2 کے پریمیئر کے موقع پر بھگدڑ کے دوران خاتون مداح ہلاک ہوگئی تھیں۔
اب رام چرن کے 2 مداح فلم گیم چینجر کے پری ریلیز ایونٹ میں شرکت کے بعد چل بسے۔ یہ ایونٹ آندھرا پردیش کے راجمندری میں منعقد ہوا تھا، جس میں ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان بھی شریک تھے۔
واقعہ کیسے پیش آیا؟
دو روز قبل گیم چینجر کے پری ریلیز ایونٹ میں شرکت کے بعد دو مداح اراوا منیکانتا اور تھوکڑا چرن ایک حادثے میں ہلاک ہوئے۔ یہ دونوں اپنے دوستوں کے ساتھ ایونٹ میں شریک تھے اور واپسی پر موٹر بائیک پر سفر کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی وین کی زد میں آ گئے۔
حادثے کے بعد انہیں فوراً اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
فلم کے پروڈیوسر دل راجو نے جاں بحق مداحوں کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا۔