اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اداروں اور محکموں کےلیے بڑی گرانٹس کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا، جس میں قومی کمیشن برائے خواتین کےلیے 5 ارب 27 کروڑ سے زائد کی گرانٹ منظور کئی گئی۔
ای سی سی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزارت اطلاعات کےلیے 2 ارب 46 کروڑ سے زائد، وزارت دفاع کےلیے 1 ارب 94 کروڑ کی تکنیکی گرانٹس کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزارت دفاع کےلیے تکنیکی گرانٹ کی منظوری دوبارہ جائزہ لے کر دی گئی ہے۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت تعلیم کےلیے 1 ارب 50 کروڑ جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کےلیے 1 اب 67 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گرانٹس جاری کی گئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکیج پر یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے عمل درآمد کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں سب سے بڑی گرانٹ قومی کمیشن برائے خواتین کےلیے 5 ارب 27 کروڑ کی جاری کی گئی۔
ای سی سی نے وزارت داخلہ کے لیے 65 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی، یہ رقم شنگھائی کانفرنس کے دوران سیکیورٹی امور کی مد میں جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ کو پُرتشدد احتجاج کے دوران توڑے گئے کیمروں کی مرمت کےلئے تکنیکی گرانٹ جاری کی ہے، سیف سٹی معاہدے کی ادائیگی کے لئے 60لاکھ 17ہزار ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔
وزیر خزانہ نے دوران اجلاس ہدایت کی کہ معاشی، توانائی اور صنعتی شعبے سے متعلقہ پالیسی اقدامات بروقت لئے جائیں، پالیسی اقدامات لیتے وقت شفافیت اور بروقت فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔