پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) رہنما چوہدری بلال اعجاز اور انچارج بنی گالا رضوان کو حفاظتی ضمانت دے دی۔
عدالت میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس محمد فہیم ولی نے حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جن درخواست گزاروں کو زیادہ خطرہ ہو وہ احتیاط کرتے ہیں۔
یہ سن کر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا کہ جن کو خطرہ ہو وہ تو ویسے بھی سی ایم ہاؤس سے باہر نہیں نکلتے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار رضوان بنی گالا میں دیکھ بھال کرنے والا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ بنی گالا کی دیکھ بھال کرنے والے کےخلاف بھی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں؟
درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ جی ہاں، ان کے خلاف بھی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔
عدالت نے چوہدری بلال اعجاز اور رضوان کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کو 28 جنوری تک حفاظتی ضمانت دے دی۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا بھی حکم دیا۔