ضلع کرم میں کشیدگی کے باعث 17 ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹل پاراچنار، ہنگو سلارزئی اور ٹل میر علی روڈز پر تعمیراتی کام کے آغاز میں تاخیر ہوگئی، تینوں روڈز پر تعمیراتی کام شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع کرم میں کشیدگی کے باعث 17 ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا گیا ہے، 25 ارب روپےکی لاگت سے روڈز کی مرمت اور دو رویہ کیا جانا ہے۔
دستاویز کے مطابق کرم میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن، روڈز، پل اور توانائی کے منصوبوں پر کام جاری تھا، صوبائی حکومت نے منصوبوں کےلیے جاری 35 کروڑ میں سے 10 کروڑ خرچ کردیے ہیں۔
سیکریٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات اسرار احمد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ کرم میں حالات ٹھیک ہوں گے تو کام شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹل پاراچنا روڈ سمیت 3 شاہراہوں کو بہتر کرنے کا مقصد علاقے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
سیکریٹری محکمہ منصوبہ بندی و ترقی شاہد اللّٰہ خان نے کہا کہ کرم پراجیکٹس کےلیے فنڈز موجود ہیں، مسئلہ حل ہوتے ہی تعمیراتی منصوبوں پر کام شروع کردیا جائے گا۔