پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا وہ آخری ہوں گے جو جیل سے باہر آئیں گے۔
اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب اور شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے میری جیل میں تفصیلی بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خون بہا اور خاک میں مل گیا اب کہیں آگے بڑھیں تو یہ نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی نے کہا وہ آخری ہوں گے جو جیل سے باہر آئیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 26 نومبر کو گولیاں چلیں اور کارکن شہید ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں کے گھروں میں جاکر ان کے اہلخانہ کو دھمکایا گیا۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس لیے مذاکرات کر رہے ہیں کہ عوام اور ریاست میں خلیج کو کم کیا جائے، الیکشن میں عوام کے مینڈیٹ کو چرایا گیا اس پر بات کرتے رہیں گے۔
سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا کہ ہم مذاکرات میں آپ کا خلوص اور سنجیدگی دیکھیں گے، اقتدار میں جو لوگ ہیں واضح کرتا ہوں جبر سے ترقی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مت سمجھیں یہ کوئی ریوڑ ہے اس کو ہانک لیں گے، آپ بانی پی ٹی آئی کو ختم نہیں کرسکتے، ہم مذہب یا لسانی تفریق کی سیاست نہیں کرتے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ عدالتوں میں جانے والوں پر دباؤ اور جبر ہوتا ہے، جو خواہش ہمارے دلوں میں ہے وہ دوسری جانب نظر نہیں آرہی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم محب وطن ہیں ہم نے پاکستان کو جوڑا ہوا ہے، آپ نے جمہوریت کے تصور پر حملہ کیا ہے، اس ملک میں جبر کے ذریعے کئی آمروں نے دبانے کی کوشش کی۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہمیشہ معاشرہ اور نوجوان جبر کے آگے انکار کرتے ہیں، ہماری روایت جبر سے انکار کی ہے، قانون تھا کہ الیکشن عذرداری ہائیکورٹس کے حاضر سروس ججز سنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹریبونل میں ریٹائرڈ ججز لگانے کا قانون پاس کیا، گزشتہ میٹنگ میں ہم نے پوچھاتھا کہ آپ کے مطالبات ہیں تو دے دیں، حکومتی کمیٹی نے کہا کہ ہمارے کوئی مطالبات نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام کے 8 فروری کے دو ٹوک فیصلے کو مسترد کیا گیا، ہمیں اگر آگے بڑھنا ہے تو جلدی شفاف الیکشن کرانا ہوگا۔