جنوبی بھارت کے نامور اداکار اور کار ریسر اجیت کمار کی گاڑی دبئی 24 آورز ریس کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے۔
مشہور تامل اداکار اجیت کمار اس وقت 24 آورز ریس 2025 میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود ہیں۔
چھ گھنٹے طویل اینڈورینس ٹیسٹ کے پریکٹس سیشن کے دوران اجیت کی گاڑی اختتام سے چند منٹ قبل بیریئرز سے ٹکرا گئی۔
واضح رہے کہ اجیت کمار اداکاری کے ساتھ کار ریسنگ کا بھی پیشہ رکھتے ہیں اور اسی سلسلے میں انکی اپنی ایک ریسنگ ٹیم ہے جس کا نام ’اجیت کمار ریسنگ‘ ہے۔
ان کے تین ساتھی ڈرائیورز؛ میتھیو ڈیٹری، فیبین ڈوفیو، کیمرون میکلوڈ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ فیبین ڈوفیو نے گزشتہ سال دسمبر میں اجیت کمار ریسنگ کے ٹیم منیجر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
سوشل میڈیا پر اجیت کی ٹیم کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دکھایا گیا کہ حادثے کے بعد اجیت کی گاڑی 7 بار گھوم کر ٹریک کے کنارے موجود حفاظتی بند سے ٹکراگئی۔
گاڑی کی ٹکر کے بعد ریس کی ریسکیو ٹیم فوراً وہاں پہنچی اور اداکار کو گاڑی سے باہر نکال کر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اجیت کمار کی صحت سے متعلق انکے منیجر سریش چندر نے بتایا ’اجیت مکمل طور پر محفوظ ہیں اور بالکل ٹھیک ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے۔‘