ترکیہ کی جانب سے شام کی کرد فورسز کو فوجی آپریشن کی دھمکی دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ اقتدار کی پُرامن منتقلی کے لیے شامی جنگجوؤں کو واضح پیغام دیا ہے، کرد فورسز نے ہماری شرائط نہ مانیں تو فوجی آپریشن کریں گے۔
ترک وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ترکیہ، ایران اور عراق سے آئے جنگجوؤں کو فوری طور پر شام چھوڑنا ہو گا، باقی جنگجو ہتھیار پھینک دیں اور نئے نظام میں شامل ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ شامی قیادت سے توقع ہے وہ وائی پی جی سے متعلق مسائل پر غور کرے گی، دمشق اور وائی پی جی کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔
ہاکان فیدان کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں شامی قیادت کو اقدامات کے لیے تھوڑا وقت دینے کی ضرورت ہے، توقع ہے شامی قیادت داعش جہادیوں سے بھرے جیلوں اور حراستی کیمپوں کا انتظام سنبھالے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شامی قیادت ناکام رہی تو ترکیہ اپنی فوج کے ذریعے ان کیمپوں کا انتظام سنھبال لے گا۔
دوسری جانب شامی لیڈر احمد الشرع نے کہا ہے کہ کرد فورسز کو شام کی قومی فوج میں ضم کرنا چاہیے۔