امریکی شہر لاس اینجلس کے نزدیک جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی، فائر فائٹرز کی مدد کے لیے نیشنل گارڈز کے اہلکار تعینات کر دیے گئے, چار مقامات پر لگی آگ سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق آگ لاس اینجلس کے رہائشی علاقے پیسیفک پیلیسیڈ میں منگل کی صبح لگی۔
تیز اور خشک ہوا کے سبب آگ تیزی سے پھیلی اور 3 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو لپیٹ میں لے لیا، جبکہ ایک ہزار سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
انتظامیہ کی جانب سے انخلاء کے احکامات پر 30 ہزار افراد نے علاقہ چھوڑ دیا، کئی ہالی ووڈ اداکار بھی علاقہ چھوڑنے والوں میں شامل تھے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
پولیس نے آگ کی صورتحال کو غیر معمولی اور ناقابل بیان قرار دے دیا۔