کراچی(نیوز ڈیسک) ایران کا اپنا دارالحکومت تہران سے مکران منتقل کرنے کے منصوبے کا اعلان، مکران میں سمندری معیشت پر مبنی اقتصادی منصوبہ تیار کرنے کے لیے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل، تہران گنجان آبادی،فضائی آلودگی، پانی کی قلت اور زلزلوں کے خطرے سے دوچار ہے۔ایران نے منگل کی شام دارالحکومت تہران کو ملک کے جنوبی ساحلی علاقے مکران میں منتقل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ۔ حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد گنجان آبادی، پانی کی قلت اور بجلی کی فراہمی کے بحران کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ تہران سمیت ملک اس طرح کے مسائل سے دوچار ہے۔ فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ نیا دارالحکومت مکران کے علاقے میں ہوگا اور یہ معاملہ زیر غورہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ اس منصوبے کی فزیبلٹی کا مطالعہ کرنے اور مکران کے علاقے میں سمندری معیشت پر مبنی اقتصادی منصوبہ تیار کرنے کے لیے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جہاں ہم ماہرین اور پیشہ ور افراد سے تعاون کی درخواست کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں انجینئرز، ماہر سماجیات اور ماہرین اقتصادیات پر زور دیاجاتا ہے کہ وہ منصوبےمیں تعاون کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور یہ فوری ترجیح نہیں ہے۔ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے دارالحکومت کے محل وقوع پر بحث کو دوبارہ شروع ہوئے کہا ہے کہ تہران میں وسائل اور اخراجات کے درمیان عدم توازن نا پائیدار ہو گیا ہے۔