کراچی میں واٹر ٹینکر نے مزید 2 افراد کی جان لے لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شہید ملت روڈ پر ٹینکر کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق اور 1 شخص زخمی ہوگیا
لاشوں اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ٹیکنر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
موقع پر موجود لوگوں نے حادثے کے بعد واٹر ٹینکر کو آگ لگادی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار شخص کی موٹرسائیکل پر سوار افراد سے ٹکر ہوئی اور پیچھے سے آنے والے واٹر ٹینکر نے 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماری۔
پولیس کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر سوار 2 افراد جاں بحق اور دوسری پر سوار ایک شخص زخمی ہوا، حادثہ شہید ملت روڈ سے بلوچ کالونی جانے والے ٹریک پر ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلدیہ حب ریور روڈ پر بھی تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
اس حادثے کا بھی ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا جس کے بعد پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا تھا۔
پولیس کے مطابق رواں سال کے 10 دن میں مختلف ٹریفک حادثات میں 22 افراد جاں بحق اور 261 زخمی ہوئے ہیں۔