جنوبی افریقا کے وزیرِ کھیل نے چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے لیے آواز اٹھا دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ کے سیاستدانوں اور 160 ارکانِ پارلیمنٹ نے چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا۔
جیریمی کاربن، نائیجل فراگ سمیت 160 سے زائد ارکانِ پارلیمنٹ نے انگلش کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ای سی بی کو 26 فروری کو افغانستان کے خلاف گروپ میچ کھیلنے سے انکار کرنا چاہیے۔
اس حوالے سے خط میں کہا گیا کہ ای سی بی سے گزارش کرتے ہیں کہ افغان خواتین سے یک جہتی کا مضبوط پیغام دے، افغانستان کے ساتھ میچ کا بائیکاٹ ظلم کے خلاف عدم برداشت کا واضح پیغام ہو گا۔
اب اسی طرح کا معاملہ جنوبی افریقا میں بھی سامنے آیا ہے۔
جنوبی افریقا کے وزیرِ کھیل گیٹن میکنزی نے طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے کھیلوں پر پابندی اور 2021ء میں دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد خواتین کی کرکٹ ٹیم کو ختم کرنے کی وجہ سے اپنی ٹیم پر زور دیا ہے کہ افغانستان کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ کا بائیکاٹ کیا جائے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں جنوبی افریقا اور افغانستان کا میچ 21 فروری کو کراچی میں شیڈول ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہو گی اور ایونٹ کا فائنل میچ 9 مارچ کو شیڈول ہے۔