قومی کرکٹر سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ صائم ایوب کی رپورٹس تو یہی ہیں کہ وہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹھیک ہو جائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ سب بھی دعا کریں کہ وہ جلدی ٹھیک ہوجائیں، پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بولنگ پر کافی کام کیا تھا جس کے نتائج اچھے آئے، بیٹنگ میں کسی بھی نمبر پر کھیلنے پر کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی، انٹرنیشنل اسٹیڈیمز میں لوگ قریب سے کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں، یہاں پر بھی اب شائقین اپنے اسٹارز کو قریب سے دیکھ سکیں گے جو کافی اچھا ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ لمبا سیزن کھیل کر آئے ہیں اور آگے بھی لمبا سیزن ہے تو تیاری اچھی ہے، چیمپئنز ٹرافی ہمارے دماغ میں ہے لیکن اس سے پہلے ویسٹ انڈیز سیریز چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوشش کریں گے کہ جس طرح کی پرفارمنس گزشتہ سال دی ہے ویسے ہی دیتے رہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ دفاعی چیمپئن ہے اس پر پریشر زیادہ ہوگا لیکن کوشش کریں گے اچھی پرفارمنس دیں اور جیتیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہمیں پتا ہے کون سے کھلاڑی پک کرنے ہیں، تیاری مکمل ہے، فہیم اشرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی جان تھے، ان کی کمی پوری نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ میں کھلاڑیوں کو جانا پڑتا ہے، فہیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔