سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بانی پی ٹی آئی کال مسترد کردی۔
لاہور سے جاری بیان میں مریم اورنگزیب نےکہا کہ ریکارڈ ترسیلات زر اور یورپ کےلیے قومی ایئرلائن کی پروازوں کے آغاز پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ فتنوں کی سیاہ رات کے خاتمے پر خوشحالی کی صبح قوم کو مبارک ہو، بیرون ملک پاکستانیوں نے 3 اعشاریہ1 ارب ڈالر کی ریکارڈ رقم پاکستان بھیج کر بانی پی ٹی آئی کی کال مسترد کر دی۔
سینئر وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ سول نافرمانی کی کال دینے والوں کو بیرون ملک پاکستانیوں نے جواب دے دیا ہے، انہوں نے دسمبر 2024 میں 3 اعشاریہ1 ارب ڈالر بھجوائے، یہ رقم دسمبر 2023ء کے مقابلے میں 29 اعشاریہ 3 فیصد زیادہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 سال بعد یورپ کے لئے قومی ایئرلائن کی پروازیں بھی شروع ہوگئی ہیں، یہ وہ بہروپیے تھے جنھوں نے پارلیمان میں بیانات دے کر اپنے قومی اثاثوں کو نقصان پہنچایا۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ساڑھے 4 سال کے نقصان کا جواب کون دے گا، عثمان بزدار کے پہلے ایک سال اور مریم نواز کے ایک سال کا موازنہ کریں جواب خود مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2022-2024 ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، مہنگائی میں تاریخی کمی ہوئی، غیر ملکی دوستوں کی واپسی، سی پیک کی بحالی تاریخی منصوبے بنائے۔