بھارتی سٹکام ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار ادا کرنے والے گروچرن سنگھ نے کھانا چھوڑ دیا، وہ حال ہی میں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔
اب ان کی دوست بھکتی سونی نے ان کی صحت سے معتلق بتایا ہے کہ گروچرن نے کھانا چھوڑ دیا ہے اور اطلاعات کے مطابق وہ ’بہت کمزور‘ ہو گئے ہیں۔
ایک انٹرویو میں بھکتی سونی نے گروچرن سنگھ کی صحت اور مالی مشکلات پر بات کی۔
بھکتی کا کہنا تھا کہ وہ کئی دنوں سے گروچرن اور ان کے خاندان سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوں، لیکن ان کے فون بند ہیں۔ لہٰذا ان کی صحت کے بارے میں اس وقت میرے پاس کوئی تازہ معلومات نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا کہ تین دن پہلے جب وہ اسپتال میں داخل ہوئے تھے، تو میں نے ان کی والدہ سے بات کی تھی۔ مجھے نہیں معلوم ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، لیکن آخری بار جو سنا تھا، اس کے مطابق وہ بات کرنے کے قابل بھی نہیں ہیں اور بہت کمزور ہیں۔
دوست نے انکشاف کیا کہ گروچرن نے تین ماہ پہلے ٹھوس غذا کھانا چھوڑ دیا تھا اور صرف مائع غذا پر گزارا کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ گروچرن سنگھ ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ میں روشن سنگھ سوڈھی کا کردار نبھاتے تھے، انہیں 2012 میں اس سیریل سے ہٹا دیا گیا تھا۔
گروچرن کے مطابق شو کے میکرز نے انہیں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے تبدیل کر دیا تھا۔
علم میں رہے کہ گزشتہ برس انہوں نے خود ساختہ گمشدگی بھی اختیار کرلی تھی، تاہم منظر عام پر آنے کے بعد انہوں نے اپنی گمشدگی کو مالی مسائل سے جوڑ دیا تھا۔