بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے سگریٹ نوشی پر ایک مرتبہ شاہ رخ خان سے دلچسپ سوال کیا تھا کہ کیا وہ لیجنڈری اداکار کے سامنے یہ کام کرسکتے ہیں؟
عامر خان کی سگریٹ نوشی کی عادت ترک کرنے کا اقدام آج کل زیر بحث ہے، اس دوران عامر کے پرانے انٹرویوز بھی وائرل ہو رہے ہیں۔
اپنے بیٹے جنید خان کی آنے والی رومانوی کامیڈی فلم ’لوَیاپا‘ کے ٹریلر لانچ پر عامر خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اس ’بری عادت‘ کو چھوڑنے کا ارادہ کر رہے تھے، اور انہیں لگا کہ یہ بہترین وقت ہے۔
تاہم 2018 میں ایک انٹرویو میں عامر خان نے بتایا تھا کہ وہ ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے سیٹ پر سوچ رہے تھے کہ آیا وہ اپنے ساتھی اداکار امیتابھ بچن کے سامنے سگریٹ پی سکتے ہیں یا نہیں؟
انہوں نے اس مشورے کےلیے شاہ رخ خان سے رجوع کیا، جو خود بھی اس وقت سگریٹ نوشی کےلیے مشہور تھے۔
عامر نے کہا تھا کہ شاہ رخ نے مجھے بتایا، ’امیت جی ٹھنڈے مزاج کے آدمی ہیں، تم ان کے سامنے سگریٹ نوشی کرسکتے ہو۔ اگر وہ تمہیں ڈانٹیں تو بس بھاگ جانا۔‘
انکا کہنا تھا کہ اگلی بات جو میں جانتا ہوں وہ یہ تھی کہ امیت جی اور میں مالٹا میں شوٹنگ کے دوران ’ونڈر وومن‘ دیکھ رہے تھے اور انہوں نے مجھ سے کہا، ’میں نے سنا کہ تم نے شاہ رخ سے پوچھا تھا کہ کیا تم میرے سامنے سگریٹ نوشی کرسکتے ہو؟‘
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا، ’میں نہیں جانتا تھا کہ کیسے ردعمل دوں۔ لیکن امیت جی واقعی نرم مزاج شخصیت ہیں۔‘