بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک شادی شدہ شخص نے اپنی خاتون دوست کو قتل کرکے اس کی لاش فریزر میں چھپادی جو 8 ماہ بعد برآمد کرلی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر دیواس میں ایک شادی شدہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی دوست کی جانب سے شادی کیلئے دباؤ ڈالے جانے پر اسے قتل کر دیا اور لاش فریج میں چھپادی، جو 8 ماہ بعد برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ پنکی پراپاتی کی لاش ایک کرائے کے مکان میں ایک فریزر سے برآمد ہوئی، لاش پر ساڑھی، زیورات اور گلے میں پھندا بندھا ہوا پایا گیا۔
تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ 30 سالہ پنکی پراتی کا مبینہ قاتل سنجے پٹیدار گزشتہ 5 سال سے مقتولہ کے ساتھ تعلق میں تھا، اس نے جون 2024 میں اسے اس وقت قتل کر ڈالا جب مقتولہ کی جانب سے اس پر شادی کیلئے دباؤ ڈالا گیا، اس جرم میں ملزم کی مدد اس کے دوست نے بھی کی۔
خاتون کو قتل کرنے کے بعد ملزم سنجے نے مکان مالک دھریندر شریواستو کو بتایا کہ وہ مکان کے کچھ حصے کو خالی کر رہا ہے لیکن اہم سامان ایک کمرے میں چھوڑ دیا، قتل کے بعد وہ کبھی کبھار مکان کا دورہ بھی کرتا رہا، تاہم مکان کے دوسرے حصے میں رہنے والے کرائے دار نے مالک سے درخواست کی کہ وہ گھر کے اس حصے کو کھولے جہاں پر سنجے کا سامان رکھا ہوا ہے۔
حالیہ کرائے دار کی درخواست پر جب مالک مکان نے وہ حصہ کھولا تو بجلی کی عدم موجودگی کے باعث بند فریزر سے بدبو آنے پر اس میں خاتون کی لاش کا علم ہوا۔
پولیس نے خاتون کے قتل اور اس کی لاش کو چھپانے کے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مکان مالک اور کرائے دار کے بیانات لیے جبکہ ملزم سنجے اور اس کے ساتھی کی گرفتاری کیلئے تلاش شروع کردی ہے۔