حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مذاکرات ٹریک پر ہیں، کوئی پیچھے نہیں ہٹا، بانی پی ٹی آئی کے بیان میں براہ راست وزیرِاعظم کی ذات پر حملہ کیا گیا، اگلی میٹنگ میں درخواست کریں گے کہ ایسے بیانات نہ آئیں۔
سب تک نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکرات میں جو اس وقت صورتحال ہے اس کی ذمہ داری ن لیگ کی نہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پہلی میٹنگ میں بھی ہم نے کسی سے رابطہ نہیں کیا تھا لیکن وہ چیزیں آگے پہنچ گئیں، دوسری میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ اب رابطہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہوگا، طے ہوجانا چاہیے کہ کوئی بات اگر آگے جانی ہے تو یہ ذمہ داری کس کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی پیچھے نہیں ہٹا، مذاکرات ٹریک پر ہیں، بانی پی ٹی آئی کا بیان دوسری میٹنگ کے بعد آیا ہے ، ان کے بیان میں براہ راست وزیراعظم کی ذات پر حملہ کیا گیا، اگلی میٹنگ میں ہم ان سے التماس کریں گے کہ ایسے بیانات نہیں آنے چاہیے۔