روزانہ ورزش کرنا کچھ لوگوں کے لیے مشکل ہوسکتا ہے لیکن ان تمام لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر انسان روزانہ تھوڑی سی چہل قدمی کر لے تو اس کے بھی صحت پر حیرت انگیز اثرات دیکھنے کو ملیں گے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ روزانہ 11 منٹ کی اعتدال سے بھرپور ورزش کینسر، قلبی امراض یا قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔
اس حوالے سے نیشنل جیوئش ہیلتھ میں قلبی روک تھام اور فلاح و بہبود کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اینڈریو فری مین نے کہا کہ اگر کسی انسان کے لیے ورزش کرنا بہت زیادہ مشکل ہے تو روزانہ 5 منٹ کی چہل قدمی سے بھی حیرت انگیز فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
اُنہوں نے ایک دن میں 30 منٹ کی ورزش کرنے کا مشورہ دیا جس میں تیز چلنا اور ویٹ لفٹنگ شامل ہے۔
ڈاکٹر اینڈریو فری مین نے کہا کہ جن لوگوں کا جسم ورزش کا عادی نہیں ہے اور اُنہوں نے اسے اپنی عادت بنانے کے لیے ابھی ورزش کرنا شروع کی ہے تو ان کے لیے اس طرح 30 منٹ تک ورزش کرنا مشکل ہو گا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ سب لوگوں کو روزانہ ورزش کرنے کی عادت کو اپنانہ چاہیے پھر چاہے وہ صرف 5 منٹ کی چہل قدمی ہی کیوں نہ کریں۔
ڈاکٹر اینڈریو فری مین نے یہ مشورہ بھی دیا کہ اپنے دن کا آغاز مثبت انداز میں کرنے کے لیے صبح کے وقت چہل قدمی مکمل کرنی چاہیے کیونکہ چہل قدمی نہ صرف آپ کے جسم بلکہ دماغی صحت کے لیے بھی اچھی ہے، اس سے تمباکو نوشی سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے اور ڈپریشن کو کم کیا جا سکتا ہے۔