ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی اور ان کے بیٹے نوکس نے مل کر لاس اینجلس میں لگنے والی آگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کے لیے اپنے گھر کے دروازے کھول دیے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق انجلینا جولی اور ان کے 16 سالہ بیٹے نوکس کی لاس اینجلس کے علاقے لوز فیلیز سے ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں دونوں ماں بیٹے سیاہ رنگ کی کار کے ٹرنک کو پانی کی بوتلوں اور کھانے کی دیگر اشیاء سے بھرتے نظر آئے۔
اداکارہ اور ان کے بیٹے کی ویڈیو بنانے والے شخص نے ان سے جب یہ سوال پوچھا کہ کیا آپ کیلیفورنیا میں لگی آگ کی وجہ سے فکر مند ہیں؟
انجلینا جولی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ہاں میں سر ہلایا اور کہا کہ ہمارے گھر میں متاثرہ لوگ موجود ہیں۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے اداکارہ سے یہ سوال بھی پوچھا کہ کیا آپ امدادی کارروائیوں کے لیے عطیہ دیں گی؟
انجلینا جولی نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ جی بالکل، میں عطیہ دوں گی لیکن ابھی میں یہاں جو لوگ میرے قریب ہیں ان لوگوں کا اپنے گھر میں خیال رکھ رہی ہوں۔