بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاؤید رانا کل صبح 11 بجے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ اڈیالہ جیل میں سنائیں گے۔
وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری نے تصدیق کی کہ عدالتی عملے نے کل فیصلہ سنائے جانے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
عدالتی عملے کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوشن ٹیم کو آگاہ کردیا گیا ہے، عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024ء کو محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ 2 بار موخر ہوچکا ہے، جس کے بعد تیسری بار اس کی تاریخ 13 جنوری مقرر کی گئی۔
اس معاملے پر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ کل عمران خان کو سزا ضرور ہوگی، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔ القادر ٹرسٹ پر دستخط کے وقت ہی بانی پی ٹی آئی کو بتادیا تھا کہ آپ اس میں جیل جائیں گے۔
دوسری طرف ترجمان پی ٹی آئی وقاص اکرم نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس بانی پی ٹی آئی کی بریت کا کیس ہے، امید ہے کل کیس کا فیصلہ مزید موخر نہیں کیا جائے گا۔
اس معاملے پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے موقف اختیار کیا کہ برطانیہ سے آئی رقم سرکاری خزانے کی بجائے سابق وزیراعظم نے پراپرٹی ٹائیکون کے جرمانے میں ایڈجسٹ کروائی، بدلے میں 450 ایکڑ زمین لی ہے۔
تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن حامد رضا نے کہا کہ کل آنے والے فیصلے سے ملک کی بدنامی ہوگی۔ آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ فیصلہ جو بھی آئے مذاکرات جاری رہیں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ حکومتی وزرا کی پریس کانفرنسز سے پتہ لگتا ہے کہ حکومت کو پہلے سے پتہ ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں کیا فیصلہ آرہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں شفاف ٹرائل نہیں ہوا، یہ سراسر ایک سیاسی انتقامی کارروائی کا کیس ہے۔