مرکزی سیکریٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ آپ نے 11 بجے کا وقت دیا اور ساڑھے 10 بجے کام نمٹا کر چلے گئے۔
سب تک نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ ہمیشہ ہمیں کورٹ میں پیش ہونے کا وقت کورٹ اسٹاف کی طرف سے دیا جاتا ہے۔ 11 بجے کا وقت دیا، بشریٰ بی بی پونے 11 بجے اڈیالا جیل کے گیٹ پر تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 10 بجے تک سلمان اکرم راجا سمیت تمام وکلاء وہاں موجود تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں، سلمان اکرم راجا سمیت ہمارے لوگوں کو اندر جانے نہیں دیا گیا۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو بتایا گیا کہ جج فیصلہ موخر کر کے جا چکے ہیں۔ بانی پی ٹی جیل میں موجود ہوں ان کو بلایا جائے تو وہ کیسے نہ آتے؟ مجھے تو لگتا ہے کہ ان کو بلایا ہی نہیں گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ نے 11 بجے کا وقت دیا اور ساڑھے 10 بجے آپ کام نمٹا کر چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کی سزا بھی غیر موجودگی میں ہوئی تھی، بشریٰ بی بی کی سزا بھی ان کی غیرموجودگی میں ہوئی۔ یہ یاد رہے جب سزا سنا دی گئی تو بشریٰ بی بی خود اڈیالا جیل آگئیں۔
شیخ وقاص کا کہنا تھا کہ مذاکراتی نشست میں آپ کو جوڈیشل کمیشن پر بات کرنی پڑے گی، آپ کو جوڈیشل کمیشن قائم کرنا ہوگا ورنہ مذاکرات کی چوتھی نشست ممکن نہیں ہوگی۔