آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایک بار پھر دشمن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کے دورے کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے خیبر پختونخوا کے سیاستدانوں سے ملاقات کی۔
اس دوران سیاستدانوں سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم کا امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ دشمن بھاری نقصان اٹھاتے رہیں گے اور نقصان پہنچانے کی ان کی صلاحیت ختم ہوجائے گی۔ دشمن اختلاف اور خوف کے بیج بونے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو اس دورے میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور فتنہ خوارج کے خلاف جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی اس بریفنگ میں شریک تھے۔
شرکاء نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ایک سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر اتفاق کیا۔